Tahir Shahzad Product Manager & Community Builder
Book a Free 30-Min Review

کہانی کے بدلے کہانی: بچپن کے رسالے اور آج کا موبائل

بچپن میں کہانیاں اور رسالے چھپ کر پڑھے جاتے تھے، اب موبائل سب کے سامنے ہے۔ ایک ذاتی مشاہدہ کہ وقت کے ساتھ توجہ اور صبر کیسے بدل گئے۔

Tahir Shahzad By Tahir Shahzad 3 weeks ago 1 min read 1,005 views
کہانی کے بدلے کہانی: بچپن کے رسالے اور آج کا موبائل

ہمارے بچپن میں کہانیاں اور رسالے ہوتے تھے۔ ان پر بھی پابندی ہوتی تھی۔ گھر میں یہی اصول تھا کہ سکول کی کتابوں کے علاوہ کوئی کتاب ہاتھ میں نظر نہ آئے۔ اس پابندی کا نتیجہ یہ نکلا کہ یہ رسالے اور کہانیاں اکثر تنہائی میں پڑھی جاتی تھیں، چھپ کر، ایک کونے میں بیٹھ کر۔

پڑھنے کے بعد ایک اور رسم چلتی تھی: تبادلہ۔ کہانی کے بدلے کہانی، رسالے کے بدلے رسالہ۔ یہ ایک چھوٹی سی معیشت تھی جو دوستوں کے درمیان چلتی تھی، بغیر کسی کاغذی معاہدے کے۔

کبھی کبھار دو بچے مل کر بھی پڑھ لیتے تھے، اگر دونوں ساتھ بیٹھے ہوں اور رسالہ درمیان میں رکھا ہو۔ مگر یہ ساتھ پڑھنا ایک نازک بندوبست تھا۔ اگر دونوں کی پڑھنے کی رفتار الگ ہو تو یہ دوستی زیادہ دیر نہیں چلتی تھی۔ تیز پڑھنے والا ایک سیکنڈ بعد پوچھ لیتا: کدھر تک پہنچے ہو؟ جلدی پڑھو۔ سست پڑھنے والا اکثر شرمندہ ہو جاتا۔ وہ بہانہ بناتا کہ بس سطر ختم ہونے والی ہے، بس ایک سیکنڈ رکو۔

یہ چھوٹی چھوٹی باتیں تھیں، مگر ان میں ایک نظم تھی۔ پڑھنے کے لیے وقت نکالنا پڑتا تھا، کسی سے مانگنا پڑتا تھا، اور جو مل جاتا تھا اسے پوری توجہ کے ساتھ پڑھا جاتا تھا کیونکہ اگلی باری کب آئے گی، معلوم نہیں تھا۔

اب فاسٹ فارورڈ کریں تو آج کے بچوں کے ہاتھ میں موبائل ہے۔ اور یہ بھی نہیں کہ چھپتے چھپاتے استعمال ہوتا ہے۔ سب کے سامنے، دھڑلے سے، جیسے یہ کوئی پیدائشی حق ہو۔ جب چار چھ آٹھ بچے اکھٹے ہوتے ہیں تو اکثر منظر یہی ہوتا ہے: ایک موبائل کی سکرین سب کے سامنے، اور سب ایک قطار میں بیٹھ کر وہی سکرین دیکھ رہے ہوتے ہیں۔

اور اس سکرین پر کیا چل رہا ہوتا ہے، یہ الگ موضوع ہے۔ ریلز میں ایسا مواد بھی آ جاتا ہے جو کسی بھی بچے کے دیکھنے کے لیے نہیں بنا۔ کارٹون کے درمیان اشتہارات آ جاتے ہیں جن کا مواد کارٹون سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔ اور والدین اکثر اس سب سے بےخبر ہوتے ہیں، شاید اس لیے کہ موبائل ایک ایسی چیز بن چکا ہے جسے مانیٹر کرنا مشکل لگتا ہے، یا شاید اس لیے کہ فرصت ہی نہیں۔

یہ تضاد دلچسپ ہے۔ ہمارے والدین ایک رسالہ بھی پڑھنے نہیں دیتے تھے، اس ڈر سے کہ پڑھائی سے دھیان نہ بٹ جائے۔ اور آج ایک ایسی سکرین بچوں کے ہاتھ میں ہے جس پر کنٹرول نہ ہونے کے برابر ہے۔ نہ وقت کی کوئی حد، نہ مواد کی کوئی چھان بین، نہ کسی دوست سے تبادلے کی وہ نازک رسم جو رفتار اور صبر دونوں سکھاتی تھی۔

اس مسئلے کا اندازہ صرف والدین کو نہیں، بلکہ کچھ ریاستوں اور حکومتوں کو بھی ہو چکا ہے۔ کچھ ممالک اب ایسی قانون سازی کر رہے ہیں جس کا مقصد بچوں کو سوشل میڈیا ایپس سے دور رکھنا ہے، کم از کم ایک خاص عمر تک۔ یہ قانون سازی عملی طور پر کتنی مؤثر ثابت ہو گی، یہ ابھی دیکھنا باقی ہے۔ نگرانی، نفاذ، اور بچوں کی اپنی چالاکی، یہ سب ایسے عوامل ہیں جو کسی بھی قانون کو کاغذ پر ہی محدود رکھ سکتے ہیں۔ مگر بطور اصول، یہ ایک اچھا قدم ہے۔ کم از کم یہ تسلیم تو کیا گیا ہے کہ مسئلہ حقیقی ہے۔

شاید اصل سوال یہ نہیں کہ رسالے بہتر تھے یا موبائل برا ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ ہم نے اپنے بچپن میں جو صبر اور توجہ سیکھی، وہ آج کے بچوں تک کیسے پہنچے گی، جب چیزیں اتنی آسانی سے، اتنی جلدی، اور بغیر کسی حد کے دستیاب ہیں۔

کیا آپ کو لگتا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو وہ صبر اور توجہ سکھا پا رہے ہیں جو کبھی ایک رسالے کے انتظار سے سیکھی جاتی تھی؟

اگر آپ اس موضوع پر بات کرنا چاہیں، یا کوئی اور خیال شیئر کرنا چاہیں، مجھ سے tahirshahzad.com/contact/ پر رابطہ کریں۔

Tahir Shahzad
About the author

Tahir Shahzad

Tahir Shahzad is a Product Manager, Product Owner, and technology consultant with over a decade of experience helping startups and organizations build products people actually use. If you are working on a product problem worth solving, reach him at tahirshahzad.com/contact/

Let's find your real bottleneck in 30 minutes

Book a free 30-minute product review. You'll leave with a clear read on what's blocking delivery and what to tackle first, whether or not we end up working together.

Book a Free 30-Min Review 30 minutes. No pitch, no obligation.